ا12قامتی جونیر کالجس میں آن لائین درخواستوں کی وصولی کا آغاز

15مئی آخری تاریخ، انگلش میڈیم میں مفت تعلیم اور بنیادی سہولتیں۔بی شفیع اللہ کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/5مئی، ( سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت تلنگانہ میں 12 اقامتی جونیر کالجس میں تعلیمی سال 2018-19 کیلئے داخلوں کا اعلامیہ جاری ہوچکا ہے۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 12 اقامتی جونیر کالجس میں جملہ 960 نشستیں ہیں، 75 فیصد نشستیں اقلیتی امیدواروں کیلئے ہوں گی جبکہ 25 فیصد پر غیر اقلیتی امیدواروں کا انتخاب کیا جائیگا۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ 15 مئی تک آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکیں گی جو اقامتی اسکول سوسائٹی کے ویب سائٹ tmreis.telangana.gov.in پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ انٹر میڈیٹ فرسٹ ایر کیلئے داخلے دیئے جائیں گے۔ امیدواروں کا انتخاب 16 تا20مئی کے درمیان ایس ایس سی میں حاصل کردہ گریڈ اور نشانات کی بنیاد پر ہوگا۔ منتخب امیدواروں کی فہرست کالجس کے اعتبار سے 21 مئی کو جاری کی جائے گی جو سوسائٹی کے ویب سائیٹ اور کالج کے نوٹس بورڈ پر دستیاب رہے گی۔ 22 تا 25 مئی متعلقہ جونیر کالجس پر منتخب امیدواروں کے اسنادات کی جانچ کی جائے گی اور یکم جون سے تعلیم کا آغاز ہوگا۔ شفیع اللہ نے کہا کہ اقامتی اسکولوں کی طرح جونیر کالجس میں بھی طلبہ کو تمام سہولتیں مفت حاصل رہیں گی۔ امیدواروں کو مارچ 2018 میں منعقدہ ایس ایس سی یا دسویں جماعت کا بورڈ امتحان پہلے مرحلہ میں کامیاب کرنا ہوگا۔ امیدواروں کی عمر 18 سال سے تجاوز نہیں ہونی چاہیئے۔ والدین کی سالانہ آمدنی دیہی علاقوں میں دیڑھ لاکھ اور شہری علاقوں میں 2 لاکھ سے کم ہو۔ امیدوار تلنگانہ کے کسی بھی ضلع کا متوطن ہوسکتا ہے۔ شفیع اللہ کے مطابق کورسیس آف اسٹڈیز میں پارٹ I کے تحت انگلش اور پارٹ II کے تحت سیکنڈ لینگویج کے طور پر اردو یا تلگو حاصل کی جاسکتی ہے۔ پارٹ III اختیاری مضامین میں ایم پی سی، بی پی سی، ایم ای سی اور سی ای سی کورسیس شامل رہیں گے۔ ذریعہ تعلیم انگریزی میں رہے گا۔ نظام آباد کے ناگارم جونیر کالج فار بوائز میں سی ای سی اور ایم ای سی کی علی الترتیب 40 نشستیں موجود ہیں جبکہ دیگر تمام کالجس میں ایم پی سی اور بی پی سی کورسیس میں فی کس 40 نشستیں رہیں گی۔ 11 کالجس میں سی ای سی اور ایم ای سی کورس نہیں ہوگا۔ یہ کالجس رنگاریڈی بوائز، رنگاریڈی گرلز، نظام آباد بوائز، کاماریڈی بوائز، نلگنڈہ بوائز، نلگنڈہ گرلز، ورنگل اربن بوائز، محبوب نگر گرلز، ونپرتی بوائز، بارکس حیدرآباد بوائز، سنگاریڈی بوائزاور ظہیرآباد بوائز کالجس شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام کالجس میں عصری سہولتوں کے ساتھ لیابس موجود رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شفیع اللہ نے کہا کہ اگر عوام کی جانب سے اردو میڈیم جونیر کالجس کے قیام کا مطالبہ کیا جائے تو سوسائٹی اس سلسلہ میں حکومت کو تجویز پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے وقت امیدوار کو پاسپورٹ سائز فوٹو گراف، آدھار کارڈ، ایس ایس سی میمو، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، والدین کی سالانہ آمدنی، کمیونٹی ؍ کاسٹ ، سرپرستوں کا آدھار، موبائیل نمبر پیش کیا جانا چاہیئے۔ کسی بھی انٹرنیٹ سنٹر سے آن لائن درخواست داخل کی جاسکتی ہے جس کے لئے کوئی رجسٹریشن فیس نہیں ہوگی۔ آن لائن درخواست کے ادخال کے بعد تفصیلات میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ مزید تفصیلات کیلئے امیدوار اقامتی اسکول سوسائٹی کی ویب سائیٹ یا ہیلپ لائن نمبر 23437909 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس یا سوسائٹی کے ہیڈ کوارٹر واقع بنجارہ ہلز سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ شفیع اللہ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے 204 اقامتی اسکولس قائم کئے ہیں جن میں کارپوریٹ طرز کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کیلئے تمام سہولتوں کے علاوہ معیاری اور صحت بخش غذا کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقامتی اسکول جونیر کالجس تک اَپ گریڈ کئے جائیں گے۔ انہوں نے اقلیتی طلبہ سے اپیل کی کہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔