21 مئی تک آن لائین درخواستیں: سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی سوسائٹی کے تحت شروع کئے جارہے 12 جونیئر کالجس میں داخلوں کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں 21 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ 12 جونیئر کالجس میں جملہ 960 نشستیں ہیں اور پہلے طئے شدہ پروگرام کے مطابق آج آخری تاریخ تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک اقلیتی طلبہ کی 932 اور غیر اقلیتی طلبہ کی 885 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ جونیئر کالجس میں داخلے کے خواہشمند امیدوار آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 تا 25 مئی امیدواروں کے موصولہ نشانات کی بنیاد پر انتخاب کیا جائے گا۔ 26 مئی کو منتخب طلبہ کی فہرست جاری کی جائے گی ۔ 28 تا 31 مئی سرٹیفکٹ کی جانچ ہوگی اور یکم جون سے تعلیم کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے طلبہ اور اولیائے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں اور وہ کسی بھی جونیئر کالج یا انٹرنیٹ سنٹر سے آن لائین درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر یا متعلقہ جونیئر کالج کے پرنسپل سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ ویب سائیٹ tmreis.telangana.gov.in پر درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں ۔ شفیع اللہ نے کہا کہ اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت چلنے والے 204 اسکولوں میں پانچویں جماعت سے ہر کلاس کیلئے 80 طلبہ کی حد مقرر کی گئی ہے۔ یہی حد جونیئر کالجس میں بھی برقرار رہے گی۔ ہر کورس میں 40 طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 12 جونیئر کالجس میں 10 کالجس ایسے ہیں جہاں ایم پی سی اور بی پی سی کورس رکھا گیا ہے جبکہ نظام آباد کے ناگارم میں واقع جونیئر کالج میں سائنس کے بجائے سی ای سی اور ایم ای سی کورس رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی ضروریات اور طلبہ کے رجحان کو دیکھتے ہوئے یہ کورس رکھے گئے ۔ سوسائٹی بیک وقت کئی کورسس میں تعلیم فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر کالجس میں طلبہ کو تمام تر سہولتیں مفت حاصل رہیں گی۔ جس طرح اسکولوں میں طلبہ کو قیام و طعام کے علاوہ دیگر سہولتیں حاصل ہیں، اسی طرح انگلش میڈیم جونیئر کالجس میں طلبہ کو سہولتیں دی جائیں گی ۔ بوائز اور گرلز کے لئے ہر کورس میں 40 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ ایم پی سی کی جملہ 440 اور بی پی سی کی 440 نشستیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کے مقصد سے حکومت نے اقامتی اسکولوں کے علاوہ جونیئر کالجس قائم کئے ہیں۔ 12 جونیئر کالجس حیات نگر رنگا ریڈی ، ابراہیم پٹنم رنگا ریڈی ، ناگارم نظام آباد ، کاما ریڈی ، نلگنڈہ ، جی وی گڈم نلگنڈہ ، ورنگل اربن ، محبوب نگر ، ونپرتی ، بارکس حیدرآباد ، سنگا ریڈی اور ظہیر آباد میں قائم ہیں۔