ا108 ا یمبولنس کی 145 نئی گاڑیاں

عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے آج 108 ایمبولنس کی 145 نئی گاڑیوں کا افتتاح کیا اور کہا کہ غریب عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نظام کالج گراونڈ پر منعقدہ اس پروگرام میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی بھی موجود تھے ۔ تینوں وزراء نے جھنڈی لہرا کر نئے ایمبولنس گاڑیوں کا افتتاح کیا ۔ خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ 290 ایمبولنس عوام کی خدمات کے لیے استعمال کی جارہی ہیں ۔ جس میں زچگی ، آکسیجن ، وینٹی لیٹر کی تمام سہولتیں دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے اے این ایم کو ٹو وہیلر کٹس کی بھی خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر عوام کو سرکاری ہاسپٹلس میں کارپوریٹ طرز کی طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں ۔ بستی دواخانوں کا اہتمام کرتے ہوئے غریب عوام کو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ 108 سرویس کے ذریعہ عوام کو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ عوام کی توجہ سرکاری ہاسپٹلس کی طرف متوجہ کرنے کے لیے کے سی آر کٹس اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جو ملک کی باوقار مثالی اسکیمات میں شمار کی جارہی ہے ۔ عوام کے لیے مفت آنکھوں کے ٹسٹ کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر عوام کے آنکھوں کا آپریشن کرتے ہوئے انہیں مفت عینکیں بھی تقسیم کی جائیں گی ۔ مستقبل میں عوام کا ہیلت پروفائیل تیار کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس پروگرام میں رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ کے علاوہ دوسروں نے بھی شرکت کی ۔۔