بھوک ہڑتال ختم، دیرینہ مطالبات پر بات چیت
حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں چلائی جانے والی 108 ایمبولینس سرویس ملازمین کی گزشتہ چند دنوں سے جاری غیر معینہ مدت کی ہڑتال بالآخر وزیر صحت تلنگانہ مسٹر لکشما ریڈی کے تیقن پر ختم کردی گئی۔ وزیر صحت تلنگانہ مسٹر لکشما ریڈی نے 108 ایمبولینس سرویس کے ہڑتالی ملازمین قائدین سے ان کے دیرینہ حل طلب مطالبات پر آج تفصیلی بات چیت کی اور دیرینہ حل طلب مطالبات سے واقفیت حاصل کی اور ہڑتالی ملازمین یونین قائدین سے کہاکہ وہ ان کے دیرینہ حل طلب مطالبات کی یکسوئی کیلئے ممکنہ اقدامات کریں گے جس کی روشنی میں 108 سرویس ملازمین نے اپنی ہڑتال کو ختم کرنے سے اتفاق کیا۔ بتایا گیا کہ 108 ایمبولنس سرویس ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے کم از کم دو ماہ کا وقت دینے کی مسٹر لکشما ریڈی نے خواہش کی اور کہاکہ 108 ایمبولینس سرویس ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کا تفصیلی جائزہ لینے اور یکسوئی کیلئے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور ہڑتالی ملازمین کیلئے ہڑتالی ایام کی تنخواہ فراہم کرنے کے مسئلہ پر بھی بات چیت کا واضح تیقن دیا۔