ا100 اقلیتی طلبہ کو سرکاری خرچ پر سیول سروسیز کوچنگ

انٹرنس کے نتائج جاری، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون (سیاست نیوز) سیول سرویس امتحانات 2019 ء میں حصہ لینے والے اقلیتی امیدواروں کے انٹرنس نتائج جاری کردئے گئے ہیں۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز کی جانب سے ہر سال 100اقلیتی امیدواروں کو نامور کوچنگ سنٹرس میں سیول سرویس کوچنگ فراہم کی جاتی ہے۔ 2019 ء کے لئے سی ای ڈی ایم کی جانب سے انٹرنس ٹسٹ رکھا گیا تھا جن میں سے ٹاپ 100 امیدواروں کو منتخب کرتے ہوئے حکومت کے خرچ پر کوچنگ فراہم کی جائے گی ۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 100 منتخب طلبہ کو نتائج کے بارے میں اطلاع کردی گئی ہے، وہ سی ای ڈی ایم کے دفتر سے نتائج معلوم کرسکتے ہیں۔ منتخب طلبہ 25 جون تک اپنی پسند کے ادارہ کا انتخاب کرلیں ۔ جن پانچ اداروں میں کوچنگ فراہم کی جاتی ہے ان میں حیدرآباد اسٹڈی سرکل ، برین ٹری ، آر سی ریڈی ، لاء ایکسلینس اور انا لاگ شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے ان اداروں کو ہر طالب علم کیلئے فی کس ایک لاکھ 51 ہزار روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ اضلاع کے امیدواروںکو ماہانہ 5000 اور شہر کے امیدواروں کو 2,500 روپئے اسٹائی فنڈ دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ کتابوں کی خریدی کیلئے ایک مرتبہ 3000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ انٹرنس امتحان میں 700 طلبہ نے حصہ لیا تھا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سیول سرویس کی کوچنگ 9 ماہ پر مشتمل ہے۔ 2018 ء سیول سرویس امتحان میں سی ای ڈی ایم کے تربیت یافتہ 95 امیدواروں نے حصہ لیا ہے۔ 3 جون کو امتحان منعقد ہوا تھا جس کے نتائج کا انتظار ہے۔