پہلے مرحلہ کی مہم کے شیڈول کا اعلان ۔ سینئر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔8اکٹوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کے صدر ملو بٹی وکرامارک نے پارٹی کی انتخابی مہم کے پہلے مرحلے کا اعلان کیا ہے ۔ 10اکٹوبر تا 2نومبر ریاست کے 54 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ انتخابی مہم میں اُتم کمار ریڈی ‘ وجئے شانتی کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین شرکت کریں گے ۔ حلقہ عالم پور محبوب نگر سے کانگریس نے انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا تھا ۔ 10 اکٹوبر کو دیواکورا حلقہ کتہ کوٹہ میں مہم چلائی جائیگی ۔ پہلے دن دیواکورا ‘ مکتھل اور نارائن پیٹ حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ اس کے بعد نلگنڈہ ‘ کھمم ‘ عادل آباد ‘ کریم نگر ‘ ورنگل کے تمام حلقوں میں جلسہ ‘ روڈ شوز کا اہتمام کیا جائیگا ۔ 2 نومبر کو اسمبلی حلقہ جات پرکال ‘ملگو ‘ بھوپال پلی میں مہم چلاتے ہوئے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم ختم کی جائیگی ۔ کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی نے حکومت کی ناکامیوں ‘ وعدوںپر عدم عمل آوری ‘ دھوکہ دہی ‘ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے خفیہ اتحاد کے علاوہ مقامی مسائل کو موضوع بحث بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی کانگریس کے انتخابی منشور میں شامل کئے جانے والے وعدوں کی بھی زبردست تشہیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس کی انتخابی مہم میں سونیا گاندھی ‘ راہول گاندھی کے علاوہ دوسرے سینئر قائدین کو مدعو کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔