نئی دہلی / باکو 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ہندوستان چاہتی ہے کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک ہندوستان میں اسمارٹ سٹیز ‘ صنعتی راہداریوں اور ریلویز کی ترقی میں سرگرم اور وسیع تر ذمہ داری نبھائے ۔ ہندوستان نے میک ان انڈیا اور اسکل انڈیا پروگرامس شروع کئے ہیں جن کے تحت یہ پراجیکٹس مکمل کئے جانے والے ہیں۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کی شرح 7.5 فیصد سے 8 فیصد تک ہوسکتی ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان اچھی رفتار سے ترقی کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ہماری حکومت نے ایک سال سے بھی کم وقت میں معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے بہت کچھ کیا ہے اور اچھے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہندوستانی معیشت کو اعلی سطح تک پہونچانا اور ترقی کی جو رفتار ہے اسے برقرار رکھنا ہے ۔ اسی لئے ہم انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ ‘ صلاحیتوں و مہارت کے فروغ اور کاروبار کو بہتر بنانے ماحول سہل بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ہم معاشی اصلاحات کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور اقتصادی خسارہ کو کم سے کم کیا جا رہا ہے ۔ مسٹر جیٹلی ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے 48 ویں سالانہ اجلاس کے پہلے بزنس سشن سے خطاب کر رہے تھے جو آذر بائیجان کے شہر باکو میں منعقد ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کو چاہئے کہ وہ 2020 تک اپنے سالانہ کاروبار کو 20 بلین ڈالرس تک پہونچائے ۔ اس کو بینک کا مقصد بنالیا جانا چاہئے ۔