اے پی ہائی کورٹ کے ججس کی یکم ؍ جنوری کو حلف برداری

حیدرآباد 29 دسمبر (یو این آئی) آندھراپردیش ہائی کورٹ نے نئے ججس یکم جنوری کو حلف لیں گے ۔اس دن 10.30بجے وجئے واڑہ کے میونسپل اسٹیڈیم میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ریاستی دارالحکومت امراوتی میں تعمیرشدہ سٹی سیول کورٹ کامپلکس کی افتتاحی تقریب میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو مدعو کیاگیا ہے ۔جنوری کے اواخر یا پھر فروری کے اوائل میں ریاستی ہائی کورٹ سٹی سیول کورٹ کامپلکس سے وجئے واڑہ میں وزیراعلی کے کیمپ آفس منتقل کردیاجائے گا۔ ہائی کورٹ کے ججس ، رجسٹرارس کیلئے نووٹل ہوٹل میں قیام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ آندھراپردیش ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر پراوین کمار کو مقرر کیا گیا ہے ۔ دونوں تلگو ریاستوں اے پی اور تلنگانہ کے مشترکہ حیدرآباد ہائیکورٹ کی تقسیم کے ذریعہ دونوں ریاستوں کے لئے علحدہ علحدہ ہائیکورٹس کے قیام کے لئے صدرجمہوریہ نے دو دن پہلے احکام جاری کئے تھے ۔آندھراپردیش ہائی کور ٹ، ملک کا 25واں ہائی کورٹ ہوگا۔متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم 2جون2014کو ہوئی تھی۔اس تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ خطہ کو ریاست کا درجہ دیا گیا تھا تاہم اس تقسیم کے باوجود دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے لئے موجودہ حیدرآباد ہائی کورٹ کو مشترکہ ہائی کورٹ بنایاگیا تھا۔یہ حیدرآباد ہائی کورٹ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں قائم ہے ۔متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم اے پی تنظیم نو قانون2014کے تحت کی گئی تھی اور اس قانون کا نفاذ 2جون 2014سے ہوا تھا۔اس قانون میں دونوں پڑوسی ریاستوں کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کی گنجائش رکھی گئی تھی تاہم مرکز کی جانب سے موجودہ اے پی کے لئے علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔اس معاملہ کی سپریم کورٹ نے سماعت کرتے ہوئے آندھراپردیش کے لئے علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کی منظوری دی تھی جس کے بعد اے پی ہائی کورٹ کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔