حیدرآباد۔30 مارچ ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے ایک سرکردہ کوہ پیماں ملی مستان بابو جنوبی امریکی براعظم کے ملک چلی میں کوہ پیمائی کی ایک مہم کے دوران لاپتہ ہوگئے ۔ ضلع نیلور کے متوطن کوہ پیمائی کی مہم کیلئے 10دن قبل چلی روانہ ہوئے تھے ۔ وہ کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم کی قیادت کررہے ہیں ۔ ضلع نیلور کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس پتھو راجو نے یہ اطلاع دیتے ہوئے مزید کہا کہ مستان بابو دیگر کوہ پیماؤں سے آگے تھے اور چند دن قبل بھاری برفباری کے سبب موسم کی اچانک خرابی کے بعد وہ لاپتہ ہوگئے ۔ ملی مستان بابو کے افراد خاندان ‘ وزارت اُمورخاجہ کے رابطہ میںہیں ۔ بیٹے کے انجام کے بارے میںپریشان حال ماں مستانماں نے ان کا پتہ چلانے کی کوششوں میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کیا اور اخباری نمائنوں سے کہا کہ ان کے بیٹے کا پتہ چلانے کیلئے حکومت کو کوشش جاری رکھنی چاہیئے ۔