حیدرآباد 5جنوری (یواین آئی ) آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر داخلہ چنا راجپا کے قافلہ میں شامل جیپ اچانک جل کر خاکستر ہوگئی۔جیپ میں 6 سیکورٹی نوجوان سوار تھے تاہم یہ تمام گاڑی کو آگ لگنے کے فوری بعد اس میں سے باہر نکل گئے ۔جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔تفصیلات کے مطابق وشاکھاپٹنم کے نرسی پٹنم میں وزیر داخلہ راجپا جنم بھومی پروگرام میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ درمیان میں ان کے قافلے میں شامل جیپ گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے جیپ مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگئی۔وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو بھی جنم بھومی پروگرام میں شرکت کررہے ہیں اس حادثہ کی اطلاع پر نائیدو نے راجپا سے فون پر بات کی اور واقعہ کی جانچ کا حکم دیا۔