کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اے پی اور یونیورسٹیز کو ہدایت، پرنسپل سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے تعلیمی سال 2014-15 کیلئے ریاست کے پیشہ ورانہ کالجس میں کشمیری خاندانوں کے طلبہ کیلئے داخلوں میں بعض رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری حکومت نیلم سہانی نے آج جی او آر ٹی 391 جاری کیا۔ مرکزی حکومت کے محکمہ اعلیٰ تعلیم وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں مقیم کشمیری خاندانوں کے بچوں کو داخلوں میں بعض رعایتوں کی سفارش کی جس کی بنیاد پر حکومت نے یہ فیصلہ کیا۔ پیشہ ورانہ کورسیس میں داخلہ کے سلسلہ میں ان طلبہ کو ان کی اقل ترین اہلیت کی بنیاد پر نشانات کے فیصد میں 10فیصد کی رعایت کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہر ایک کورس میں داخلے کی گنجائش 5فیصد اضافہ کرنے اور میرٹ کوٹہ میں کم از کم ایک نشست محفوظ کرنے کی سفارش کی گئی۔ کشمیری خاندانوں کے طلبہ کو مقامیت سے متعلق دستاویزات پیش کرنے سے بھی استثنیٰ کی سفارش کی گئی۔ مرکزی حکومت کی اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے آندھرا پردیش حکومت نے جاریہ تعلیمی سال مختلف پیشہ ورانہ اداروں میں ان رعایتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر ٹیکنیکل ایجوکیشن آندھرا پردیش اور تمام یونیورسٹیز کے رجسٹرارس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ان مراعات کے تحت دیئے گئے داخلوں کی تفصیلات مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل، آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کو روانہ کریں۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ ان مراعات کی فراہمی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کورسیس میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کرے گی۔