اے پی کے نئے دارالحکومت کیلئے 1.5 لاکھ ایکر اراضی کا تخمینہ ، اندرون چھ ماہ 25 ہزار ایکر اراضی کا حصول : ٹی نارائنا

حیدرآباد /26 ستمبر ( این ایس ایس ) آندھراپردیش کے وزیر نے آج کہا کہ نئے دارالحکومت کی تعمیر کیلئے درکار اراضیات کی خریدی / حصول کیلئے لینڈ پولنگ پالیسی اختیار کرے گی ۔ نئے دارالحکومت کے قیام کے مختلف پہلوں کا جائزہ لینے کیلئے تشکیل شدہ ذیلی کمیٹی کے دیگر ارکان پی پلاراؤ ، پی رگھوناتھ ریڈی اور کے کشور بابو کے ساتھ سکریٹریٹ میں آخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نارائنا نے کہا کہ پہلے مرحلے کے تحت سکریٹریٹ ، اسمبلی ، ہائی کورٹ ، راج بھون ، صدور محکمہ جات اور عہدیداروں کیلئے کوارٹرس جیسی کلیدی عمارتیں تعمیر کی جائے گی ۔ اس مقصد کیلئے گنٹور ، منگل گری اور ٹینالی میں تقریباً چار مرحلوں میں اراضیات حاصل / خریدی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے تحت اندرون چھ ماہ 25,000 ایکر اراضی حاصل کی جائے گی اور تین کال کے دوران آئندہ چار مرحلوں میں مزید ایک لاکھ اراضی حاصل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اراضی کے مالکین کو دیگر ریاستوں کے مقابلے 10 فیصد زائد ماوضہ ادا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے گاندھی نگر میں اراضیات کے مالکین کو 25 فیصد اور نیا رائے پور میں 35 فیصد ادا کئے گئے تھے ۔