چندرا بابو ، وزراء تمام آندھرائی ملازمین کی اچھی دیکھ بھال
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں برسر خدمت آندھراپردیش کے سرکاری ملازمین کو ’’مستقلمسافر‘‘ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان کی موثر دیکھ بھال کیلئے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر کا جواب دیتے ہوئے اسمبلی میں آج کہا کہ ’’میں ہمارے عہدیداروں کو ہدایت کرچکا ہوں کہ وہ چندرا بابو نائیڈو (چیف منسٹر آندھراپردیش)، ان کے وزراء کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں۔ ان کا زیادہ احترام کریں۔ آندھراپردیش کے ملازمین اگر حیدرآباد میں رہنا چاہتے ہیں تو ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں‘‘۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مزید کہا کہ وہ (آندھراپردیش کے سرکاری ملازمین) ہمارے مستقل سیاح ہیں۔ حکومت آندھراپردیش نے بھی اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 43 فیصد کا اضافہ کیا ہے ۔ جس طرح ہم نے کیا ہے۔ ہزاروں ملازمین اگر حیدر آباد میں رہتے ہیں تو یہ ہمارے سرکاری خزانہ کیلئے اچھا ہوگا ۔ میں ہمارے عہدیداروں سے کہہ چکا ہوں کہ وہ ان کا خیال رکھیں‘‘۔