بڑے پیمانے پر سرکاری تقریب ‘ وزیراعظم مودی کو دعوت
حیدرآباد۔28ستمبر ( سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے امراوتی میں قائم کئے جانے والے نئے دارالحکومت ( راجدھانی) کا آئندہ ماہ 22 اکٹوبر کو سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ سنگ بنیاد کیلئے عظیم الشان پیمانے پر تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور اس سلسلہ میں تمام تر تیاریاں زوروں سے جاری ہیں ۔ وزیر بلدی نظم و نسق حکومت آندھراپردیش مسٹر نارائنا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سنگ بنیاد کی اس شاندار تقریب میں وزیراعظم ہند نریندر مودی کے علاوہ سنگاپور اور جاپان حکومت کے نمائندے اور مرکزی وزراء وغیرہ شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ ماہ 30ستمبر تک سنگ بنیاد ترقیب کے انعقاد کیلئے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر نارائنا نے کہا کہ نئے آندھراپردیش کی راجدھانی ( دارالحکومت ) کو عالمی سطح کی ایک مثال و منفرد راجدھانی بنانے کیلئے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کوشاں ہیں ۔ اس کے علاوہ راجدھانی کی تقریب سنگ بنیاد کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کررہے ہیںجبکہ دیگر ممالک کے نمائندوں کو بھی تقریب سنگ بنیاد میں شرکت کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ تاہم ابھی تک بھی ان ممالک کے وزرائے اعظموں کی شرکت سے متعلق توثیق نہیں ہوئی ہے ۔حکومت سنگاپور نے چندرا بابو نائیڈو کو نئے دارالحکومت کی تعمیر میں مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے اور چندرابابو نائیڈو نے امراوتی کو ہندوستان کا خوبصورت ترین شہر بنانے کا عہد کیاہے۔