اے پی کیلئے خصوصی پیاکیج خصوصی موقف سے زیادہ

بعض لوگوں کی سیاست کرنے کی کوشش : ایم وینکیا نائیڈو
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیراطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے کہاکہ بعض لوگ آندھراپردیش کو خصوصی موقف مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے اور اس پر سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ فلمی اداکار، سیاستدان اور جناسینا کے صدر پون کلیان کی کل کاکی ناڈا میں ایک جلسہ عام میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس مسئلہ پر کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ آج یہاں راماکرشنامٹ پر ویویکانندا انسٹیٹیوٹ آف ہیومن ایکسلینس کی 17 ویں فاونڈیشن ڈے تقریب میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آندھراپردیش کیلئے مرکز کی جانب سے اعلان کیا گیا 2.25 لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ کا پیاکیج اب تک کسی ریاست کو دی گئی مرکزی مدد میں سب سے زیادہ ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ اس ریاست کیلئے خصوصی پیاکیج اے پی کو خصوصی موقف عطا کرنے سے زیادہ ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ اگرچیکہ انہوں نے پارلیمنٹ میں اے پی کی نمائندگی نہیں کی لیکن انہوں نے ہمیشہ اس ریاست کی ترقی کیلئے کام کیا ہے اور کہا کہ مرکزی حکومت اور دو تلگو ریاستوں کی ترقی کا تہیہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 ویں فینانس کمیشن کی سفارشات پر مرکز اس ریاست کو پانچ سال تک تقریباً 22 ہزار کروڑ روپئے کی ریونیو ڈیفیسٹ گرانٹ فراہم کرے گا۔