مرکز سے ریاست کو خصوصی پیاکیج الاٹ، کے ای کرشنا مورتی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر حکومت آندھراپردیش مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے کہا کہ اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف کے نام پر غیرضروری سیاست کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے جبکہ حقیقت تو یہ ہیکہ حکومت نے ریاست کیلئے خصوصی موقف کے حصول کیلئے کافی جدوجہد کی اور اس جدوجہد کے دوران ہی مرکزی حکومت نے خصوصی موقف کے بجائے آندھراپردیش کیلئے خصوصی پیاکیج دینے سے اتفاق کیا اور حکومت نے محض آندھراپردیش کے مفادات اور ریاست کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے قبول کیا گیا۔ مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاست میں پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کا تذکرہ کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے صدفیصد رقومات جاری کرنے سے اتفاق کیا اور بتایا کہ پولاورم پراجکٹ کیلئے مرکز سے صدفیصد اقدامات کے حصول کا سہرا چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے سر جاتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش نے پرزور الفاظ میں کہا کہ جب ریاست آندھراپردیش کا مالی موقف انتہائی کمزور تھا، تب چندرا بابو نائیڈو نے اپنی دوراندیشی کے ذریعہ ایک بہترین حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ریاست آندھراپردیش کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے۔ انہوں نے ریاستی عوام سے ریاست کی ترقی میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی پرزور اپیل کی۔