اے پی کو خصوصی موقف کا عدم حصول ، میسورا ریڈی کی تنقید

حیدرآباد 26 اپریل (این ایس ایس) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد ایم وی میسورا ریڈی نے ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف حاصل نہ ہونے کے لئے اے پی حکومت کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ آج یہاں پارٹی آفس پر میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے میسورا ریڈی نے مطالبہ کیاکہ چندرابابو نائیڈو حکومت اس مسئلہ پر ایک کل جماعتی اجلاس طلب کرے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں پائی جانے والی خشک سالی کی صورتحال کا سامنا نہ کرکے لوگ دیہاتوں سے دوسرے مقامات کو نقل مقام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ علاقہ رائلسیما کے خشک سالی سے متاثرہ افراد کی حالت نہایت تشویشناک ہے اور وہ دوسری ریاستوں کو نقل مقام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ریاست میں کسانوں کو ان کی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت حاصل نہیں ہورہی ہے اور پینے کے پانی کی قلت ہے۔ حکومت کی ایجنسیوں کی جانب سے صرف 25 فیصد دھان ہی خریدا گیا۔