مرکزی وزراء کے استعفے تک پارلیمنٹ کی کارروائی چلنے نہیں دی جائے گی : راہول گاندھی
حیدرآباد /24 جولائی ( سیاست نیوز ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی رشوت کے معاملہ میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج اور بی جے پی کے دو چیف منسٹروں کے استعفے تک پارلیمنٹ کی کارروائی چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت کو کسان دشمن قرار دیا ۔ آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کرنے اور پولاورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کی حیثیت تسلیم کرانے کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالنے میں ناکام ہوجانے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی پر الزام عائد کیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی سے ڈر کر خاموشی اختیار کرلینے کا دعوی کیا ۔ راہول گاندھی نے آج ضلع اننت پور میں بھروسہ یاترا منظم کرتے ہوئے 10 کیلومیٹر تک پد یاترا کی خودکشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں فی کس 50 ہزار روپئے کی امداد دی ۔ کسانوں کو خودکشی نہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا تھا اور ساتھ ہی پولاورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹکا درجہ دیا تھا ۔ تاہم تلگودیشم پارٹی جو مرکز میں این ڈی اے کی حلیف ہے اور آندھراپردیش میں حکومت میں ہے ۔ مرکز پر دباؤ ڈالنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ ماضی میں اندرا گاندھی نے جس مقام سے جلسہ کو خطاب کیا تھا اسی مقام سے جلسہ عام کو خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وہ اندرا گاندھی کے پوترے کی حیثیت سے کسانوں کو یقین دلاتے ہیں کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے
وہ ہمت نہ ہارے اور نہ ہی خودکشی کریں ۔ عوامی مسائل پر کانگریس پارٹی کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران آندھراپردیش کا دورہ کرنے والے نریندر مودی نے بلند بانگ دعوے کئے تھے تاہم این ڈی اے حکومت کے 14 ماہ مکمل ہونے کے باوجود آندھراپردیش سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا ۔ یہاں تک آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا جو درجہ دیا گیا تھا اس سے بھی دستبرداری اختیار کرنے کی نریندر مودی کوشش کر رہے ہیں اور پولاورم کو قومی پراجکٹ کا جو موقف عطا کیاگیا ہے اس سے بھی دستبرداری اختیار کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے ۔ اقتدار میں رہنے والی تلگودیشم اور اپوزیشن میں رہنے والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ ایسا لگتا ہے دونوں جماعتوں پر نریندر مودی کا خوف طاری ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو کسی کا خوف نہیں ہے ۔ اس لئے دونوں مسئلہ پر وہ ڈٹ کر بات کر رہے ہیں ۔ غریب عوام کے آنسو پوچھنے کیلئے وہ اننت پور کے دورے پر آئے ہیں ۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت کے اراضی بل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے اقتدار حاصل کرتے ہی کسانوں سے ان کی اراضی زبردستی چھین لینے کیلئے نیا قانون تیار کر رہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔
اس بل کی منطوری کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں چٹان بن جائے گی ۔ این ڈی اے حکومت کو اس کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ راہول گاندھی نے جیوانا جیوتی اسکول کے طلبہ سے ملاقات کی ان سے کچھ دیر تک بات چیت کی ۔ انہوں نے ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسموں کو پھول مالا چرھائے ۔ راہول گاندھی کے پد یاترا پروگرام میں ہزاروں کانگریس کے قائدین نے حصہ لیا ۔ ایک مقام پر راہول گاندھی گو بیاک کے نعرے لگاتے ہوئے چند نوجوانوں نے ان کے گاڑیوں کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے تلگودیشم کے کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ راہول گاندھی نے اپنے پد یاترا کے دوران خودکشی کرنے والے 63 افراد کے ارکان خاندان سے ملاقات کی راہول گاندھی کے پد یاترا پروگرام میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج آندھراپردیش امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ اے آئی سی سی ایس سی صدرنشین مسٹر کے راجو صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این رگھویندرا ریڈی ، سابق مرکزی وزراء چرنجیوی ، پی راجو کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔