اے پی کو خصوصی درجہ کے لیے تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ کا انوکھا احتجاج

نئی دہلی 9اگست (سیاست ڈاٹ کام ) آندھراپردیش کو خصوصی درجہ کا مطالبہ کرتے ہوئے تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ کا احتجاج دہلی میں جاری ہے ۔ فلم اداکار سے سیاستداں بنے چتور کے رکن پارلیمنٹ شیو پرساد جو ہمیشہ انوکھے احتجاج کرنے کیلئے مشہور ہیں ‘ تلگو فنکار کے لباس میں پارلیمنٹ پہونچے ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آندھراپردیش تنظیم نو بل کے تحت آندھرا سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا عوام کے جذبات کو کم نظر سے دیکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آندھرا عوام کی قدر کرتے ہوئے ان کے مطالبہ کو پورا کیا جائے ۔ گنٹور کے تلگودیشم رکن پارلیمنٹ جئے دیو نے کہا ہے کہ اے پی کو خصوصی درجہ کے مسئلہ پر تلگودیشم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے ۔ احاطہ پارلیمنٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کیلئے خصوصی پیکیج نہیں بلکہ خصوصی درجہ کی ضرورت ہے ۔ خصوصی درجہ اے پی کو دینے کا وعدہ ایک ہفتہ پہلے کیا گیا تھا ۔ پتہ نہیں کے اس کیلئے اب مزید کتنا انتظار کرنا پڑے گا ۔