اے پی کو خصوصی درجہ کیلئے دہلی میں بھوک ہڑتال ، تلگودیشم لیڈران سے حصہ لینے چندرابابو کی خواہش

ٓٓامراوتی 31جنوری(یواین آئی) آندھراپردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے تلگودیشم کے لیڈران سے خواہش کی ہے کہ وہ ریاست کو خصوصی درجہ دینے سے مرکز کے انکار کے خلاف 11فروری کو نئی دہلی میں ہونے والی ایک روزہ بھوک ہڑتال میں حصہ لیں۔انہوں نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پارٹی کے لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلگودیشم ،اے پی تنظیم نو قانون میں کئے گئے وعدوں کا مودی حکومت کی جانب سے احترام نہ کئے جانے پر یہ بھوک ہڑتال کرے گی۔مسٹر نائیڈو نے تجویز پیش کی کہ تلگودیشم ایم پیز کو چاہئے کہ وہ اے پی کو خصوصی درجہ کے لئے پارلیمنٹ میں مرکز پر دباو ڈالے ۔انہوں نے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ یکم فروری کو سیاہ بیچس لگاتے ہوئے پارلیمنٹ کی کارروائی میں حاضر ہوں ۔انہوں نے کہاکہ تلگودیشم کے ایم پیز کا احتجاج ریاست کے عوام کی برہمی کا اظہار ہونا چاہئے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ اے پی کی اصل اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس نے سیاسی فائدہ کیلئے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے ۔