اے پی کو خصوصی درجہ کا مطالبہ، پون کلیان کا احتجاجی میوزیکل البم

حیدرآباد ۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مطالبہ پر و مرکزی حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے آندھراپردیش یوواتا کی جانب سے 26 جنوری کو وشاکھاپٹنم کے ’’آر کے بیچ کے پاس منظم کئے جانے والے‘‘ خاموش احتجاجی پروگرام کی بھرپور تائید و حمایت اور مکمل تعاون کرنے کا ممتاز تلگو فلم اسٹار و صدر جناسینا پارٹی مسٹر پون کلیان نے اعلان کیا اور اس طرح ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مسئلہ پر اپنے مثبت ردعمل کے اظہار کا اعادہ کیا۔ مسٹر پون کلیان نے مزید کہا کہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مطالبہ پر ’’دیش بچاؤ‘‘ کے نام پر بہت جلد میوزیکل البم لے آئیں گے جبکہ اس البم کو 5 فبروری کے دن لانے کا پروگرام مقرر کرلیا گیا تھا لیکن اب اس البم کو 24 جنوری کے دن ہی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسٹر پون کلیان نے حکومت آندھراپردیش کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آندھراپردیش میں برسراقتدار تلگودیشم حکومت نے ریاست کیلئے خصوصی موقف کے حصول کو مرکزی حکومت کی جانب سے دیئے گئے چند تیقنات کی روشنی میں بالکلیہ طور پر فراموش کردیا۔