اے پی کونسل کے آٹھ کانگریس ارکان تلگو دیشم میں شامل

حکمراں جماعت کو ایوان بالا میں اکثریت اور چیرمین کے عہدہ پر قبضہ کا موقع

حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : ایک نمایاں سیاسی تبدیلی میں کانگریس کے آٹھ ایم ایل سیز آج حکمراں تلگو دیشم میں شامل ہوگئے ۔ جس سے نئی آندھرا پردیش قانون ساز کونسل میں تلگو دیشم غیر معمولی طور پر مستحکم ہوجائے گی ۔ ان ارکان قانون ساز کونسل ( ایم ایل سیز ) نے آج شام صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔ تلگو دیشم پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ سی ایم رمیش نے کہا کہ ’ ان ایم ایل سیز نے چندرا بابو نائیڈو کی قیادت پر مکمل اعتمادکا اظہار کیا اور نئی ریاست کی ترقی و تعمیر میں اپنا حصہ ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ‘ ۔ تلگو دیشم میں شامل ہونیو الے کانگریس کے ارکان قانون ساز کونسل میں چیتنیہ راجو ، ان کے بیٹے روی ورما ، کے علاوہ سرینواسلو نائیڈو ، بی پلیا ، شیخ حسین ، ریڈپا ریڈی ، اے لکشمی سیوا کماری اور بی اندرا شامل ہیں ۔ ان کی شمولیت کے ساتھ قانون ساز کونسل میں تلگو دیشم پارٹی کو نہ صرف اکثریت حاصل ہوجائے گی بلکہ اب وہ صدر نشین کونسل کا عہدہ بھی کانگریس سے چھین لے گی ۔ تقسیم شدہ 50 رکن کونسل میں تلگو دیشم کے صرف سات ارکان تھے جب کہ کانگریس کے 20 بھی لیکن اب تلگو دیشم کے ارکان کی تعداد 15 اور کانگریس کے ارکان کی تعداد 12 ہوجائے گی ۔ وائی ایس آر کانگریس اور سی پی آئی کا ایک ایک رکن ہے 12 آزاد امیدوار ہیں اور 9 نشستیں مخلوعہ ہیں ۔تلگودیشم نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے لیکن صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی این رگھوویرا ریڈی نے انحراف کی مذمت کرتے ہوئے تلگودیشم پر الزام عائد کیا کہ وہ دیگر جماعتوں کے ارکان کو منحرف کررہی ہے اگر ارکان دیگر جماعتوں میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو وہ پہلے رکنیت سے مستعفی ہوجائیں۔