اے پی کونسل کی 12نشستوں پر انتخابات کیلئے آج اعلامیہ

حیدرآباد۔8جون ( سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز کونسل میں ادارہ جات مقامی کوٹہ کے تحت مخلوعہ 12ایم ایل سی نشستوں کیلئے منعقد کئے جانے والے انتخابات کیلئے کل یعنی 9جون کو نوٹیفکیشن ( اعلامیہ) کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف الکٹورل آفیسر ریاست آندھراپردیش و تلنگانہ ریاست مسٹر بھنورلعل نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ ادارہ جات مقامی کے ذریعہ منتخب ہوکر کونسل میں نمائندگی کرنے والے 11ارکان قانون ساز کونسل کی معیاد سال 2013 اور 2015ء میں مکمل ہوچکی تھی ۔ اس کے علاوہ کرنول ادارہ جات مقامی سے منتخب رکن کونسل مسٹر ایس وی چندرا موہن ریڈی کے استعفیٰ دینے کی وجہ سے بھی ایک نشست کونسل میں مخلوعہ ہے ۔ لہذا اس نشست کیلئے ضمنی انتخاب منعقد ہوگا ۔ مسٹر بھنور لعل نے مزید بتایا کہ 9جون کو اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگیاں داخل کرنے کے عمل کا آغاز ہوگا اور پرچہ جات نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریاخ 16جون ہوگی اور 17جون کو پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ ہوگی اور پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری کیلئے آخری تاریخ 19جون ہوگی اور اس طرح کونسل انتخابات کیلئے رائے دہی 3جولائی کو صبح 8بجے تا 4 بجے شام تک جاری رہے گی ۔