حیدرآباد 2اگست ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش کے وزیر تعلیم جی سرینواس نے آج مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ اے پی کوخصوصی درجہ کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کی گئی تمام یقین دہانیوں کو پورا کیا جائے ۔انہوں نے حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے دعوے کے برعکس ریاست کو دی گئی مالی امداد ناکافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لیے سات اعلی تعلیمی اداروں کا اعلان کیا گیا تھا تاہم پانچ کی ہی شروعات کی گئی اور چار ہزار کروڑ روپئے کی رقمی الاٹمنٹ میں سے مرکز نے صرف 127کروڑ روپئے کی کم رقم ہی جاری کی ہے ۔وزیر نے یہ بھی الزام لگایا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں بند کی کال دیتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔