اے پی کابینہ میں جلد توسیع ۔ چندرا بابو نائیڈو

امراوتی 3 ستمبر ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ان کی کابینہ میں بہت جلد توسیع کی جائیگی ۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان کی کابینہ میں توسیع ہونے والی تھی تاہم 29 اگسٹ کو ان کے برادر نسبتی نندو موری ہری کرشنا کی سڑک حادثہ میں اچانک موت کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ کابینہ میں توسیع کرنا چاہتے تھے تاہم ہری کرشنا کا مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ ہم کو اس سلسلہ میں بہت جلد فیصلہ کرنا ہے ۔ آندھرا پردیش اسمبلی کا مانسون اجلاس 6 ستمبر کو شروع ہوگا اور یہ 16 اگسٹ تک جاری رہے گا ۔ تلگودیشم کے ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ اسمبلی مانسون اجلاس کے بعد ہی کابینہ میں توسیع کی جاسکتی ہے ۔ ریاست میں کچھ وقت سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ریاستی کابینہ میں توسیع کی جائیگی ۔ کہا جا رہا تھا کہ کابینہ میں دو قلمدان خالی ہوگئے ہیں کیونکہ بی جے پی کے وزرا نے ماہ مارچ میں کابینہ سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ اس سوال پر کہ آیا اگر پڑوسی ریاست تلنگانہ میں انتخابات کا قبل از وقت انعقاد عمل میں آتا ہے تو کیا تلگودیشم پارٹی تنہا مقابلہ کریگی چندر ابابو نائیڈو نے کہا کہ وہ اس پر مناسب وقت پر مناسب جواب دیں گے ۔