اے پی ٹیٹ کاپُرامن انعقاد، اندرون دو یوم ’’ کی ‘‘ کی اجرائی

ڈی ایڈ کے 89 فیصد اور بی ایڈ کے 86.17 فیصد امیدواروں کی شرکت

حیدرآباد۔/16مارچ، ( سیاست نیوز) ریاست بھر میں اساتذہ تقررات کیلئے منعقدہ اہلیتی ٹسٹ ’ اے پی ٹیٹ 2014‘ (APTET-2014) کا پُرامن انعقاد عمل میں آیا اور چند امیدواروں کو ایک منٹ کی تاخیر سے امتحانی مرکز پر پہونچنے کے نتیجہ میں ٹسٹ تحریر کرنے سے محروم ہونا پڑا۔ ڈی ایڈ پرچہ I تحریر کرنے کیلئے جملہ56,202 امیدواروں نے شرکت کی۔ اس طرح پرچہ I میں شرکت کرنے والے امیدواروں کا اوسط 89 فیصد رہا۔ جبکہ بی ایڈ امیدواروں کیلئے دوپہر میں منعقدہ پرچہ II میں زاید از تین لاکھ امیدواروں نے شرکت کی اور اس طرح پرچہ II میں شرکت کرنے والے امیدواروں کا اوسط 86.17 فیصد رہا۔ ریاستی محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو یوم میں اے پی ٹیٹ سے متعلق ( ’’ کی ‘‘۔ KEY) جاری کی جائے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ اساتذہ تقررات کیلئے آج منعقدہ اہلیتی ٹسٹ ’’ اے پی ٹیٹ 2014 ‘‘ کے نتائج کا آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست بھر میں اے پی ٹیٹ منعقد کرنے کیلئے جملہ 1969 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ امتحانی قواعد کی روشنی میں ایک منٹ تاخیر سے پہونچنے کی صورت میں ٹسٹ میں شرکت کی اجازت نہ دیئے جانے کے اعلان کے مطابق آج ایک منٹ تاخیر سے پہونچنے کے باعث ڈی ایڈ کے پرچہ I کے 36امیدوار ٹیٹ تحریر کرنے سے محروم ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ امتحانی مراکز پر کسی بھی امکانی بے قاعدگیوں کا تدارک کرنے کیلئے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ان ہی اقدامات کے باعث تروپتی میں اے پی ٹیٹ تحریر کرنے والے دو اساتذہ کی نشاندہی کرتے ہوئے ان اساتذہ کو خدمات سے معطل کردیا گیا۔