امراوتی ۔ 13 ۔ اپریل : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش میں ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا کے لیے جمعرات کو منعقدہ رائے دہی کے دوران 80 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد کے مطابق ریاست کے 175 اسمبلی حلقوں کے لیے 79.64 فیصد اور 25 لوک سبھا حلقوں کے لیے 79.74 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پانچ سال قبل متحدہ آندھرا پردیش کے 13 اضلاع میں ہوئی 78.14 فیصد رائے دہی مقابلہ اس مرتبہ 1.23 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ لوک سبھا کی 25 نشستوں کے لیے 319 امیدوار تھے ۔ اسمبلی کی 175 نشستوں کے لیے 2,118 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی ۔ اے پی میں 3,93,45,717 ووٹروں کے منجملہ 3,13,33,163 نے ووٹ ڈالا ۔ لوک سبھا کے لیے 1,55,87,579 اور اسمبلی کے لیے 1,55,46,213 مردوں نے ووٹ ڈالا ۔ اس طرح 1,57,87,759 خواتین نے اسمبلی اور 1,57,86,285 نے لوک سبھا کے لیے ووٹ دیا ۔ علاوہ ازیں 665 زنخوں نے لوک سبھا اور 661 زنخوں نے اسمبلی کے لیے ووٹ دیا ۔۔