نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کے ہاتھوں افتتاح کی تیاری
نئی دہلی ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( پی ٹی آئی ) : نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کل آندھرا پردیش میں تقریبا 1930 کروڑ روپئے کے نیشنل ہائی وے پراجکٹس کا افتتاح کریں گے اور کرشنا ندی پر نیشنل واٹر ویز (NW-4) کے ایک اسٹریچ کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ وہ ایک اور 250 کلومیٹر این ایچ پراجکٹس کے لیے بھی سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی لاگت 2539 کروڑ روپئے سے زائد ہوگی ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ و آبی وسائل نتن گدکری اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو موجود رہیں گے ۔ وزارت شپنگ کے ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ نائب صدر جمہوریہ وجئے واڑہ میں کرشنا ندی کے مکتیالہ تا وجئے واڑہ اسٹریچ کے ڈیولپمنٹ کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ 14 اپریل 2016 کو آندھرا پردیش کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر کئے گئے دستخط کے مطابق آندھرا پردیش میں NW-4 کو تین مرحلوں میں فروغ دینے کی تجویز ہے ۔۔