حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نئی ریاست آندھرا پردیش میں اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے کیلئے منعقد ہونے والے ڈی ایس سی کیلئے آندھرا پردیش ریاست کے 13 اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدوار ہی اہل ہوں گے۔ ان 13اضلاع کے امیدوار ہی اپنی درخواستیں پیش کریں کیونکہ مقامی اور غیر مقامی امور سے متعلق سابقہ طریقہ کار ہی برقرار رہے گا۔ اس سلسلہ میں محکمہ نظم و نسق عامہ ( جی اے ڈی ) حکومت اندھرا پردیش نے ضروری وضاحت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش میں اساتذہ کی مخلوعہ زائد از دس ہزار جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے گزشتہ دنوں ہی حکومت آندھرا پردیش نے ڈی ایس سی کا انعقاد عمل میں لانے کا اعلامیہ جاری کرچکی ہے۔ ڈی ایس سی کے ذریعہ 20فیصد اوپن کوٹہ کیلئے کون اہل ہوں گے اس سلسلہ میں جی اے ڈی کو متوجہ کئے جانے کے بعد جی اے ڈی حکومت آندھرا پردیش نے محکمہ تعلیم کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ سابقہ قدیم طریقہ کار پر ہی عمل آوری کریں۔ اس کے علاوہ بتایا گیا کہ سابق میں منعقدہ ڈی ایس سی میں جو طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا اب بھی اسی طریقہ کار کو اپنانے کی ہدایت دی گئی اور اس طرح ٹیٹ کم ٹی آر ٹی اعلامیہ میں اس تعلق سے معلومات فراہم کی گئی ہیں اور بتایا گیا کہ مخلوعہ جائیدادیں پائے جانے والے ضلع کے امیدواروں کے سوا دیگر اضلاع کے امیدوار غیر مقامی تصور کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اپنا آبائی ضلع جو ہوگا وہ ضلع میں 80فیصد امیدوار ان جائیدادوں کیلئے مقامی تصور کئے جائیں گے اور 20فیصد جائیدادوں کیلئے دیگر اضلاع کے درخواست گذار غیر مقامی تصور کئے جائیں گے۔