اے پی میں پراجکٹس کی تیز رفتار تکمیل کا نشانہ

سرمایہ کاری ٹراکنگ، میکانزم کا آغاز، پرنسپل سکریٹری

حیدرآباد ۔ 25 جولائی (آئی این این) حکومت آندھراپردیش ریاست میں پراجکٹس کی تیز رفتار تکمیل کیلئے سرمایہ کاری ٹراکنگ میکانزم کا آغاز کررہی ہے۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ صنعت، اے پی جے ایس وی پرساد نے فیاپسی، ایف آئی سی سی آئی کے مذاکرہ کے دوران یہ بات بتائی۔ اس موقع پر آندھراپردیش میں سرمایہ کاری میکانزم ویب پورٹل کا ریاستی سطح پر آغاز بھی عمل میں آیا۔ اس مذاکرہ کا فیاپسی، ایف آئی سی سی آئی کی جانب سے مشترکہ طور پر انعقاد عمل میں آیا۔ پرنسپل سکریٹری نے پورٹل کے آغاز پر کابینی سکریٹریٹ کو مبارکباد دی۔ بتایا گیا کہ ریاست میں مختلف پراجکٹس مختلف مرحلوں کے سبب زیرتکمیل ہیں اور اب اس پورٹل کے آغاز سے ان پراجکٹس کی تکمیل میں مدد حاصل ہوگی۔ انیل سواروپ ایڈیشنل سکریٹری، ہیڈ پراجکٹ مانیٹرنگ گروپ نے اپنے کلیدی خطبہ میں کہا کہ اس عمل کا پچھلے سال جون میں آغاز ہوچکا ہے جبکہ اب تک 150 سے زائد پراجکٹس تکمیل پاچکے ہیں۔ ڈاکٹر سبھاگ چند ایچ او ڈی کابینی سکریٹریٹ، ڈاکٹر سامبا سیوا راؤ سکریٹری حکومت آندھراپردیش نے بھی خطاب کیا۔ صدر فیاپسی شیوکمار تنگا نے خیرمقدم کیا۔ جے اے چودھری معاون صدر ایف آئی سی سی آئی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ ایف آئی سی سی آئی اس کام میں اپنا بھرپور تعاون پیش کرے گی۔