اے پی میں مالی بحران : فی الحال سرکاری ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی

حیدرآباد۔ 4 جون (سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش نے اپنے مالی بحران کے پیش نظر صرف اور صرف ملازمین سرکار کی تنخواہوں کے سواء کوئی اور بلز کی نہ ہی منظوری دینے اور نہ ہی ادائیگی کرنے کی ڈائریکٹر آف ٹریژریز اینڈ اکاؤنٹس آندھرا پردیش کو سخت ہدایات دی ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ محکمہ فینانس آندھرا پردیش نے ریاست کے تمام ڈسٹرکٹ ٹریژری دفاتر کو مذکورہ ہدایات دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ فینانس کی یہ ہدایات جاریہ ماہ 10 جون تک قابل عمل رہیں گی۔ ریاست آندھرا پردیش کا مالی موقف انتہائی کمزور رہنے کی وجہ سے حکومت سوائے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے کوئی اور بلز وغیرہ ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہے جس کے پیش نظر ہی حکومت بالخصوص محکمہ فینانس نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ فی الوقت ٹریژریز میں پائے جانے والے فنڈز سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بھی ناکافی دکھائی دے رہے ہیں جس کے پیش نظر ہی حکومت پہلے تمام سرکاری ملازمین کیلئے تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی تکمیل پر 10 جون کے بعد ٹریژریز میں رقومات دستیاب رہنے کی صورت میں دیگر بلز ادا کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔