سیاحتی پراجیکٹس کو صنعتی وینچرس قرار دیا جائیگا ‘ چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد 28 اپریل ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے ایک خصوصی پولیس فورس تشکیل دی جائیگی تاکہ ریاست میں سیاحوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ سکریٹری ( سیاحت و کلچر ) نیربھ کمار پرساد نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو ریاست کی سیاحتی پالیسی کی تدوین کیلئے منعقدہ اجلاس کے دوران یہ بات بتائی ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مٹسر نائیڈو نے محکمہ سے کہا کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ آیا سیاحوں کے مختلف قسم کے سفر کیلئے صرف ایک ٹکٹ کی اجرائی ممکن ہوسکتی ہے یا نہیں۔ مسٹر پرساد نے چیف منسٹر کو مطلع کیا کہ ان کا محکمہ آئندہ پانچ سال میں دس ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سیاحت کے پراجیکٹس کو صنعتی وینچرس کی طرح اہمیت دی جائیگی اور سنگل ڈیسک کلئیرنس دیا جائیگا ۔ یہ کام 21 دن کے اندر مکمل کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے محکمہ سے کہا کہ وہ ایسی پالیسی تیار کرے جہاں خصوصی برقی شرح سیاحتی پراجیکٹس کیلئے لاگو کی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاحتی پراجیکٹس کیلئے برقی پر کمرشیل شرحوں کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے کی کوشش کی جائے ۔ مسٹر نائیڈو نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ٹورسٹ آپریٹرس کا بھی تعاون حاصل کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے محکمہ سیاحت و کلچر کو ہدایت دی کہ وہ اے پی اسٹیٹ اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ مل کر ورک فورس کی ضرورت کے سلسلہ میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت و ہاسپیٹالیٹی یونیورسٹی میں اس تعلق سے ریسرچ بھی کیا جانا چاہئے ۔