مرکزی کابینہ میں منظوری ، قانون ریاست تقسیم کے تیقنات پر عمل
حیدرآباد /16 مئی ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں سنٹرل یونیورسٹی کے قیام کیلئے مرکزی حکومت نے آج ہری جھنڈی دکھائی ۔ اس طرح ریاست آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں واقع جنتلور کے مقام پر مجوزہ سنٹرل یونیورسٹی قائم کرنے کیلئے آج مرکزی کابینہ نے منظوری دی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ قانون تقسیم ریاست کی منظوری کے وقت مرکزی حکومت نے بعض مقامات پر سنٹرل یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے تیقن دیا تھا ۔ ان تیقنات کی روشنی میں ہی آج سنٹرل یونیورسٹی قائم کرنے کا مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ۔ اس مجوزہ سنٹرل یونیورسٹی کیلئے مستقل عمارتوں کی تعمیر تک عارضی عمارتوں کا انتخاب کرکے یونیورسٹی کا قیام عمل میں لاکر یونیورسٹی کی تمام تر سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مجوزہ سنٹرل یونیورسٹی کیلئے رقومات کی فراہمی کے عمل کو مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کے ذریعہ انجام دیا جائے گا۔
اے پی خاتون آئی اے ایس آفیسر پونم مالکونڈیا کو ترقی
حیدرآباد /16 مئی ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش کی سینئیر خاتون آئی اے ایس عہدیدار و موجودہ پرنسپل سکریٹری ریاستی محکمہ صحت و طباعت شریمتی پونم مالکونڈیا کو اسپیشل چیف سکریٹری کی حیثیت سے ترقی دیکر حکومت آندھراپردیش نے انہیں اسی عہدے پر برقرار رہنے کے احکامات جاری کئے اور اس بات کی ہدایت دی گئی کہ بحیثیت اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ صحت و طبابت میں اپنی خدمات کو جاری رکھیں ۔