اے پی میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع

چندرا بابو نائیڈو کے ویژن سے صنعتکار متاثر ، ڈاوس میںملاقاتیں
حیدرآباد 22 جنوری ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ڈاوس میں کئی کارپوریٹ سربراہوں سے ملاقات کی ۔ وہ ورلڈ اکنامک فورم چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش انوسٹمنٹ سیشن میں این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں سرمایہ کاری کے مواقع اور اس کے فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ ہندوستان کے سرکردہ صنعتکار جیسے آدی گودریج ، پرکاش ہندوجا، راجیو متل ، اتُل پونج ،ونود متل اور سائمنس کے نمائندوں نے اس سیشن سے خطاب کیا ۔ انہوں نے این چندرا بابو نائیڈو کے ویژن اور اُن کی قیادت کی سراہنا کی اور آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ سیشن میں اسپین کے وفود نے این چندرا بابو نائیڈو سے اسپین کا دورہ کرنے اور وہاں بلٹ ٹرین ماڈل کے مشاہدے کی خواہش کی۔ اس کے علاوہ اسمارٹ سٹیز اور ٹورازم ماڈل کے بارے میں بھی تفصیلات معلوم کی جاسکتی ہے ۔ اس وفد نے کہا کہ وہ عنقریب آندھرا پردیش کا دورہ کرے گا۔ گلوبل ایجنڈہ کونسل کے اجلاس میں ہندوستانی ٹیم اور سرکردہ صنعتکاروں و ماہرین سے خطاب کے دوران چیف منسٹر نے نئی ریاست میں چیلنجس اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کی ۔ چیف منسٹر آفس سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ این چندرا بابو نائیڈو نے بھارت فورج کے صدر نشین بابا این کلیانی اور ایگزیکٹیو ڈائرکٹر امیت کلیانی سے بھی ملاقات کی ۔