اے پی میں دنیا کی سب سے بڑی رنگ روڈ کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اقتدار پر فائز سیاسی قائدین عوام سے بلند بانگ وعدے کرنے کے معاملہ میں ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ آنجہانی سردار ولبھ بھائی پٹیل کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا جو بقول ان کے دنیا کا سب سے بڑا مجسمہ ہوگا ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے گذشتہ روز یہ اعلان کیا کہ حسین ساگر جھیل کے کنارے دنیا کی سب سے بڑی بلند ترین عمارت تعمیر کی جائیگی ۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو نے پیر سے شروع ہونے والے دورہ جاپان کے آغاز سے قبل آج اعلان کیا کہ آندھراپردیش میں ایک انتہائی ترقیافتہ خوبصورت دارالحکومت تعمیر کیا جائیگا جس کے ساتھ 5000 ملین امریکی ڈالر کی مالیت سے 180 کلو میٹر طویل رنگ تعمیر کی جائیگی جو نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیا میں سب سے بڑی رنگ روڈ ہوگی ۔ انہوں نے آندھراپردیش میں بڑے پیمانہ پر تعمیر و ترقی کے کاموں کے آغاز کا اشارہ دیتے ہوئے جاپانی سرمایہ کاروں کو اپنی ریاست میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی ۔ 51 صفحات پر مشتمل بروشرس جاپانی اور انگریزی زبانوں میں تیار کئے گئے ہیں ۔ چندرابابونائیڈو نے جاپانی سرمایہ کاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے ’یوکو سو‘ کا لفظ استعمال کیا جس کے معنی ’خوش آمدید‘ ہیں ۔ چندرابابونائیڈو نے جاپانی سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت میں آئندہ دس سال کے دوران 2000 تا 3000 ہزار ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب رہیں گے ۔ بالخصوص عالمی معیار کے شہری انفراسٹرکچر اور سرکاری و عوامی ساجھیداری میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقع ہیں ۔ بروشر کے مطابق پروجیکٹ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ آندھراپردیش کا ’افسانوی صدر مقام 12000 ہیکٹر اراضی پر محیط ہوگا جس میں 21 لاکھ نفوس کی آبادی کے ساتھ 7000 مربع کلو میٹر پر محیط میٹرو پولٹین علاقہ ہوگا ۔