حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں دسویں جماعت کے امتحانات 26مارچ 2015 سے شروع ہوں گے اور 11اپریل تک جاری رہیں گے۔ آندھرا پردیش کے وزیر فروغ انسانی وسائل گنٹہ سرینواس راؤ نے کہا کہ ’’ مابعد تقسیم آندھرا پردیش میں پہلی مرتبہ منعقد شدنی ایس ایس سی امتحانات میں تقریباً چھ لاکھ طلبہ حصہ لیں گے۔ یہ امتحانات 26مارچ ( جمعرات ) سے شروع ہوں گے اور 11اپریل کو ختم ہوں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تعلیمی کیلنڈر کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان تواریخ کا تعین کیا گیا ہے اور یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ یہ امتحانات اور کوئی دوسرے اہم تعلیمی پروگرام ایک ہی تاریخ پر منعقد نہ کئے جائیں۔ اس دوران آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز کا اجلاس طلب کیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ انٹر میڈیٹ امتحانات کو مشترکہ طور پر منعقد کرنے سے دونوں ریاستوں کے پس و پیش اور اس مسئلہ پر رسہ کشی کی اطلاعات کے تناظر میں یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ گورنر نے قبل ازیں اس مسئلہ پر دونوں ریاستوں کے وزرائے تعلیم کا اجلاس بھی طلب کیا تھا لیکن انٹر میڈیٹ امتحانات کے مشترکہ طور پر انعقاد سے دونوں ریاستوں کے انکار کے سبب یہ اجلاس ناکام ثابت ہوگیا تھا۔