ٹی این جی اوز کی 2016 ڈائری کا رسم اجراء، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ نے سرکاری ملازمین کو یہ کہتے ہوئے خوش کردیا کہ ریاست تلنگانہ میں پائی جانے والی حکومت ’’سرکاری ملازمین‘‘ کی حکومت ہے کیوں کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے مطالبہ پر کی گئی جدوجہد میں تلنگانہ سرکاری ملازمین نے اپنا ایک اہم و گرانقدر رول انجام دیا۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ سرکاری ملازمین بالخصوص ٹی این جی اوز کی جانب سے سال 2016 ء کی مرتب کردہ ڈائری کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ بہت جلد ریاست آندھراپردیش میں خدمات انجام دینے والے ریاست تلنگانہ کے تمام ملازمین کے مسائل کو حل کرتے ہوئے ان تمام مسائل کو دوبارہ تلنگانہ میں تعینات کروایا جائے گا۔ انھوں نے ریاست تلنگانہ کے ملازمین کو خوش کرتے ہوئے کہاکہ اگر ریاست تلنگانہ میں آندھراپردیش ریاست سے واپس طلب کئے جانے والے ملازمین کیلئے اگر جائیدادیں بھی مخلوعہ نہ پائی جائیں تو ان کیلئے سوپر نیومری جائیدادوں کا قیام عمل میں لاکر ان ملازمین کو تلنگانہ میں تعینات کیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے ملازمین کے ہیلت کارڈز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ہیلت کارڈس کے مسئلہ پر کارپوریٹ ہاسپٹلس کی جانب سے بعض مشکلات و مسائل پیدا کئے جارہے ہیں لیکن ان تمام مشکلات و مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ اس تقریب میں صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ، وزیر فینانس مسٹر ای راجندر، وزیر اکسائز مسٹر پدما راؤ، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ و دیگر قائدین این جی اوز نے بھی مخاطب کیا۔