اے پی میں اعلی قائدین کے پرچے داخل

نائیڈو ‘ جگن ‘ لوکیش ‘ بالا کرشنا ‘ پون کلیان اور دوسرے بھی شامل

امراوتی 22 مارچ ( پی ٹی آئی ) تمام سیاسی جماعتوں کے اعلی قائدین نے آج 11 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا اور اے پی اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا کیونکہ آج کا دن مبارک سمجھا جاتا ہے ۔ اے پی کے چیف منسٹر و صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو حالانکہ وشاکھاپٹنم میں انتخابی مہم میں مصروف تھے تاہم پارٹی قائدین نے ان کی جانب سے کپم حلقہ اسمبلی سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ یہ مسلسل ساتویں مرتبہ ہے جب نائیڈو کپم سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ قائد اپوزیشن و وائی ایس آر کانگریس صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پلی ویندلہ حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ جگن اسمبلی کیلئے دوسری مرتبہ مقابلہ کر رہے ہیں۔ اداکار سے سیاستدان بننے والے جنا سینا صدر پون کلیان نے مغربی گوداوری ضلع کے بھیما ورم سے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ وہ حلقہ گجو واکا سے بھی انتخاب کڑ رہے ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمی نارائنا نے نرسا راو پیٹ حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ تلگودیشم کے موجودہ ایم پی آر سامباشیوا راو نے بھی اپنا پرچہ یہاں سے داخل کیا ۔ چندرا بابو نائیڈو کے برادر نسبتی و اداکار بالا کرشنا نے ہندو پور حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا جبکہ ان کے دامادو چندرا بابو نائیڈو کے فرزند این لوکیش نے منگل گیری حلقہ سے اپنا پرچہ داخل کیا ۔ فلم اداکار کے ناگیندر بابو نے نرسا پورم لوک سبھا حلقہ سے پرچہ داخل کیا ۔ دوسرے بھی کئی قائدین نے آج اپنے اپنے حلقہ جات لوک سبھا و اسمبلی سے اپنے پرچے داخل کئے ۔