اجازت نامے پیش کرنے اوما مہیشور سے ہریش راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد۔/12جون، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش میں آبپاشی پراجکٹس کسی منظوری کے حصول کے بغیر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو اور وہاں کے وزیر آبپاشی ڈی اوما سے مطالبہ کیا کہ وہ تعمیر کئے جارہے آبپاشی پراجکٹس کے اجازت نامے عوام کے روبرو پیش کریں۔ انہوں نے پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ پر آندھرا پردیش حکومت کے اعتراضات کو مسترد کردیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت مکمل اجازت ناموں کے ساتھ ہی آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا آغاز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ضرورت کے مطابق پینے کے پانی کی سربراہی اور کسانوں کو پانی سیراب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے طرح طرح کی سازشیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ ایچ ایم ڈی اے حدود کے علاقوں کو پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں ریاستوں سے بہنے والی دریاؤں کے پانی پر تلنگانہ کو مساوی حق حاصل ہے اور اسی کا استعمال کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے پراجکٹس کا آغازکیا ہے۔ انہوں نے آندھرا پردیش حکومت سے ہندری نیوا اور پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹس کی تعمیر کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے اعتراضات کے باوجود آندھرا پردیش نے پراجکٹ کی تعمیر کا آغاز کیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت تلنگانہ کو کرشنا کے پانی کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش حکومت حیدرآباد کی ترقی میں بھی رکاوٹیں پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے جاریہ سال کسی برقی کٹوتی کے بغیر تمام شعبوں کو مناسب انداز میں برقی سربراہ کی ہے۔ اس طرح حکومت کے قیام کے پہلے ہی سال ٹی آر ایس نے برقی بحران پر قابو پالیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع سے لاکھوں کی تعداد میں عوام روزگار کیلئے دیگر علاقوں کو نقل مقام کررہے ہیں۔ اس ضلع میں پراجکٹ کی تعمیر پر اعتراض افسوسناک ہے۔ انہوں نے تلگودیشم کے تلنگانہ قائدین ایل رمنا اور دیاکر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس پر اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کے تلنگانہ قائدین کو چاہیئے کہ وہ آندھرا پردیش کی مخالفتوں کا جواب دیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آنے والے چار برسوں میں اہم پراجکٹس کی تعمیر مکمل کرلے گی۔