اے پی میں آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں پر الیکشن کمیشن کو چندرا بابو نائیڈو کا مکتوب

بے بنیاد شکایتوں پر کارروائی کرنے کا الیکشن کمیشن پر الزام ، کے رویندر کمار کا بیان
حیدرآباد ۔ 10اپریل ( سیاست نیوز) سینئر تلگودیشم پارٹی قائد و رکن پارلیمان مسٹرکے رویندرا کمار نے آج مرکزی الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور آندھراپردیش میں آئی پی ایس و دیگر عہدیداروں کے تبادلوں سے متعلق قومی صدر تلگودیشم پارٹی و کارگذار چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے مرکزی الیکشن کمشنر کے نام تحریر کردہ مکتوب حوالہ کیا اور گذشتہ دنوں کے دوران تلگودیشم کی جانب سے کی گئی شکایتوں پر موثر کارروائی کرنے کا رویندر کمار نے اعادہ کیا اور فی الفور اقدامات کرنے کی پُرزورخواہش کی ۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر قائد کے رویندرا کمار نے بتایا کہ قومی صدر تلگودیشم پارٹی و کارگذار چیف منسٹر نے چیف الیکشن کمشنر کے حوالہ کیا گیا اور بتایا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد بعض بے بنیاد شکایتوں پر مرکزی الیکشن کمیشن نے اچانک غیر ضروری طور پر بعض آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے اور ان تبادلوں سے قبل ان آئی پی ایس عہدیداروں سے کسی بھی نوعیت کی وضاحت طلبہ بھی نہیں کی گئی اور کوئی نوٹس بھی نہیں دی گئی ۔ یہاں تک جن عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے ان عہدیداروں کو کم از کم چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرنے کا موقع تک فراہم نہیں کیا گیا ۔ رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ اب تک چیف الیکشن کمشنر کو 150 شکایتیں پیش کی گئیں لیکن کسی ایک شکایت پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا جس کے پیش نظر ضرورت پڑنے پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف تلگودیشم پارٹی قانونی جدوجہد کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی ۔