اے پی محکمہ سیاحت کے 10 سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدے

حیدرآباد 5 نومبر ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش کے محکمہ سیاحت کی جانب سے امکان ہے کہ ریاست میں مختلف سیاحتی پراجیکٹس کے ضمن میں 10 امکانی سرمایہ کاروں کے ساتھ یادداشت مفاہمت کئے جائیں گے ۔ سکریٹری محکمہ سیاحت آندھرا پردیش مکیش کمار مینا نے علاقائی سیاحتی انوسٹر اجلاس کے اختتام کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں زائد از 200 امکانی سرمایہ کاروں نے شرکت کی تھی جن کے منجملہ 10 تجاویز کو قطعیت کے مرحلہ میں پہونچا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سرمایہ کاروں کا اے پی کے وزیر سیاحت بھوما اکھیلا پریا ریڈی کے ساتھ اجلاس بھی ہوا ہے ۔ وزیر نے حکومت کی پالیسیوں وغیرہ سے انہیں تفصیل سے واقف کروایا ہے ۔ ان کمپنیوں نے آندھرا پردیش میں نئے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے ۔