اے پی قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں کیلئے 17 مارچ کو انتخاب

حیدرآباد 12 مارچ (سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز کونسل میں ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت مخلوعہ ہونے والی 5 ارکان قانون ساز کونسل کی نشستوں کیلئے 17 مارچ کو انتخاب منعقد ہوگا ۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلامیہ جاری ہوچکا ہے تاہم ابھی تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس نے اپنے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت نہیں دی ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ پانچ کے منجملہ 3 نشستیں برسر اقتدار تلگودیشم اور 2 نشستیں وائی ایس آر کانگریس کو حاصل ہوسکتی ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے حمل نہیں ہوگا کہ تلگودیشم ‘وائی ایس آر کانگریس کو دو نشستوں پر کامیابی سے روکنے ایک اور نشست پر اپنے امیدوار کو کھڑا کرنے کوشاں ہے جس کی وجہ سے وائی ایس آر کانگریس میں ہلچل پیدا ہونے کا امکان پایا جاتا ہے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہیکہ تلگودیشم ٹکٹ حاصل کرنے قائدین کثیر تعداد میں تلگودیشم آفس اور آندھرا پردیش سکریٹریٹ کا رخ کررہے ہیں تا کہ وہ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے اپنی امیدواری کو یقینی بناسکیں ۔ لیکن چندرا بابو نائیڈو ان سے ملاقات کرنے والے ہر قائد کو مثبت انداز میں جواب دے رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہیکہ چندرا بابو نائیڈو دوسرے ہفتہ کی تعطیل کے دن اپنی تمام مصروفیت پارٹی امیدواروں کے نام کو قطعیت دینے کیلئے ہی رکھنے کا اظہار کیا ہے اس طرح توقع کی جاتی ہیکہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو 14 مارچ تک کونسل کیلئے ارکان اسمبلی زمرہ کی مخلوعہ ہونے والی ارکان کونسل کی نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیکر اعلان کریں گے ۔