اے پی کے وزیر سرینواس کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں ڈگری کالج لکچررس، یونیورسٹیوں میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں کیلئے منعقدہ اہلیتی ٹسٹ ’’اے پی سیٹ‘‘ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ وزیر فروغ انسانی وسائل ریاست آندھراپردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے وشاکھاپٹنم میں اے پی سیٹ کے نتائج سے متعلق سی ڈی جاری کی۔ بتایا جاتا ہیکہ مذکورہ جائیدادوں کیلئے جملہ 31 مضامین میں ریاستی سطح پر منعقدہ اہلیتی ’’اے پی سیٹ‘‘ میں جملہ 33,320 امیدواروں نے شرکت کی تھی جن کے منجملہ 2,481 امیدوار اے پی سیٹ میں اہل قرار پائے۔ وزیرفروغ انسانی وسائل نے نتائج کی اجرائی کے بعد اپنا اظہارخیال کرتے ہوئے بتایا کہ اس اے پی سیٹ میں نتائج کا اوسط 7.4 فیصد رہا۔ اے پی سیٹ نتائج کی اجرائی کیلئے منعقدہ سادہ سی تقریب میں وائس چانسلر آندھرا یونیورسٹی پروفیسر ناگیشور راؤ، اے پی سیٹ سکریٹری پروفیسر کے سرینواس راؤ و دیگر عہدیداران آندھرا یونیورسٹی اور اے پی سیٹ بھی موجود تھے۔