صدر جنا سینا کا سیاسی میدان میں طفلانہ طریقہ، وزیرآنند بابو کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 21 مئی (سیاست نیوز) وزیر آندھراپردیش مسٹر این آنند بابو نے صدر جنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پون کلیان تلگودیشم حکومت پر غلط و بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ وزیر نے پون کلیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی زندگی میں آج بالکلیہ طور پر نئے نہیں ہیں بلکہ سال 2009ء سے سیاست میں اپنا رول ادا کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود مکمل طور پر طفلانہ طریقہ کار اختیار کرکے حکومت کے خلاف جھوٹ پر مبنی غلط و بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2014ء میں اگر جنا سینا پارٹی انتخابات میں حصہ لیتی تو بھی تلگودیشم پر اس کا ہرگز کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوتا تھا اور آئندہ بھی منعقد ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے پر بھی تلگودیشم کو فرق پڑنے والا نہیںہے۔ وزیر نے آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پون کلیان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنے سے ہی آندھراپردیش کیلئے وہ خصوصی موقف حاصل کرسکیں گے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ تلگودیشم حکومت پر غلط و بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر ریاستی عوام کی جنا سینا پارٹی کو تائید حاصل نہیں ہوگی بلکہ جتنی غلط تشہیر ریاستی حکومت کی کریں گے اتنی ہی تلگودیشم حکومت کی عوام میں مقبولیت ہوگی۔