حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے جاریہ بجٹ سیشن میں آئندہ ماہ 6 اپریل تک توسیع دی گئی ۔ اے پی قانون ساز اسمبلی کی بِزنس اڈوائزری کمیٹی ( اسمبلی کی کارروائی کمیٹی ) کا اجلاس اسپیکر اسمبلی آندھرا پردیش ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر اسمبلی کے جاریہ بجٹ سیشن کی مدت میں آئندہ ماہ 6 اپریل تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا چونکہ جاریہ ماہ 30 اور 31 مارچ کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ یکم اپریل کے علاوہ 5 اپریل کو بھی تعطیلات رہنے کی وجہ سے اسمبلی کے بجٹ سیشن کی مدت میں توسیع ناگزیر تھی ۔ جس کے پیش نظر ہی مذکورہ فیصلہ کیا گیا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ 28 مارچ کو اسمبلی میں ریاستی بجٹ کا تصرف بل پیش کیا جائے گا ۔ اس تصرف بل پر بھی تفصیلی مباحث ہوں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ 2 اور 3 اپریل کو ارکان اسمبلی آندھرا پردیش کے لیے کھیل کود کے مقابلے بھی منعقد کئے جارہے ہیں ۔۔