اے پی ایکسپریس کا نام تلنگانہ اسٹیٹ ایکسپریس کرنے سے اتفاق

عنقریب ریلوے بورڈ سے احکامات کی اجرائی متوقع
حیدرآباد ۔ 6 فبروری (سیاست نیوز) ریلوے بورڈ نے اے پی ایکسپریس ٹرین کا نام تبدیل کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ ایکسپریس کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ تاہم وجئے واڑہ سے چلائی جانے والی حضرت نظام الدین ٹرین کو اے پی ایکسپریس سے موسوم کیا جارہا ہے جس کیلئے بہت جلد احکامات جاری ہونے کا امکان ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ حکومت نے ریلوے بورڈ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہر دن حیدرآباد سے دہلی چلائی جانے والی ٹرین اے پی ایکسپریس کا نام تبدیل کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ ایکسپریس سے موسوم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مکتوب روانہ کیا تھا جس سے ریلوے بورڈ نے اتفاق کرلیا ہے۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے ارکان پارلیمنٹ نے دہلی میں مرکزی وزیر ریلوے سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کی تھی کہ ریاست کی تقسیم کے 8 ماہ بعد بھی حیدرآباد سے دہلی کو اے پی ایکسپریس کے نام سے ٹرین چلائی جارہی ہے۔ ریلوے بورڈ نے وجئے واڑہ سے چلائی جانے والی حضرت نظام الدین کے نام سے چلانے سے بھی اتفاق کیا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہیکہ مسلم ناموں سے بہت کم ٹرین چلائی جارہی ہیں اس میں بھی ایک نام کو کم کردینے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ ریلوے بورڈ کی اس تجویز کے خلاف سیاسی، سماجی، رضاکارانہ تنظیموں کو آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ فیصلہ ہونے سے قبل ہی وزارت ریلوے اور ریلوے بورڈ کے علاوہ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو توجہ دلاتے ہوئے ریلوے بورڈ کو حضرت نظام الدین ٹرین کا نام تبدیل کرنے سے روکا جاسکتا ہے۔ وقت گذرجانے کے بعد سوائے ہاتھ ملنے کے کچھ بھی باقی نہیں رہے گا۔