اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کی ہڑتال کا آغاز

تقسیم کے خلاف ملازمین برقی بھی علامتی ہڑتال میں حصہ لیں گے
وجئے واڑہ۔/5فبروری، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن (اے پی این جی او اے) نے ریاست کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے چہارشنبہ کی نصف شب سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس پراس اسوسی ایشن کے کرشنا ضلع یونٹ نے اس ہڑتال کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ملازمین کی مختلف تنظیموں نے ہڑتال کو کامیاب بنانے کی تیاریوں کے ایک حصہ کے طور پر اپنے ارکان کا اجلاس طلب کیا اور حکمت عملی کو قطعیت دی گئی۔ اے پی این جی او اے ضلع کرشنا کے صدر نے ودیا ساگر نے کہا کہ 7فبروری کو مرکزی حکومت کے دفاتر کا محاصرہ اور 8فبروری کو مرکزی وزراء کی رہائش گاہوں کا محاصرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔17اور 18فبروری کو ریاستی یونٹ کے زیر اہتمام ’ چلو دہلی ‘ پروگرام منظم کیا جائے گا جس کے تحت دہلی میں ریلی منعقد کی جائے گی اور پارلیمنٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا۔ اس دوران ملازمین برقی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر ستیہ نندم نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے خلاف مرکز کی طرف سے جاری عمل کی مخالفت میں برقی ملازمین کسی بھی اچانک علامتی ہڑتال کریں گے۔