حیدرآباد ۔ 21 مئی (این ایس ایس) ریاست آندھراپردیش کے وزراء مسٹر کامینینی سرینواس وزیرصحت و میڈیکل ایجوکیشن اور مسٹر گنٹا سرینواس راؤ وزیرفروغ انسانی وسائل و اعلیٰ تعلیم نے آج یہاں کاکیناڈا کے جے این ٹی یو میں آندھراپردیش ریاست کے منعقدہ اے پی ایمسیٹ 2015ء کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نتائج کو معلنہ وقت مقررہ سے پانچ یوم قبل ہی جاری کردیا گیا۔ وزراء نے نتائج کی اجرائی کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ داخلہ کونسلنگ کا آغاز 12 جون سے ہوگا۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ 24 مئی سے اپنے رینک کارڈس ڈاؤن لوڈ کریں۔ وزراء نے مزید بتایا کہ انجینئرنگ اسٹریم میں 77.42 فیصد جبکہ میڈیسین اسٹریم میں 89.80 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایمسیٹ میں 1,67,807 امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ انوریدھ ریڈی نے 151 نمبرات کے ساتھ ایمسیٹ انجینئرنگ میں پہلا مقام جبکہ متھن نے 151 نمبرات کے ساتھ میڈیسین کے میدان میں سرفہرست مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ میڈیسین میں 151 نمبرات کے ساتھ بھردواج کو دوسرا مقام اور دامنی کو 150 نمبرات کے ساتھ تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ ایمسیٹ کی 10 مئی کو جاری کی گئی تھی۔ صدرنشین آندھراپردیش ایجوکیشن بورڈ مسٹر ایل وینو گوپال ریڈی کے علاوہ کاکیناڈا کے رکن پارلیمنٹ ٹی نرسمہن اور پروفیسر ایس ایس کمار بھی اس موقع پر موجود تھے۔