اے پی ایمسیٹ کیلئے 2.5 لاکھ امیدواروں کی درخواستیں

حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے انجینئرنگ و میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لئے منعقد کئے جانے والے ایمسیٹ 2015 (آندھراپردیش) میں شہر حیدرآباد سے تقریباً 20 ہزار طلباء شرکت کررہے ہیں اور ان طلباء کو ایمسٹ میں شرکت کے لئے ممکنہ سہولت فراہم کرنے شہر میں تین زونس بناتے ہوئے ایمسیٹ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ کنوینر ایمسیٹ 2015 (حکومت آندھراپردیش) ڈاکٹر سائی بابو نے یہ بات بتائی اور کہاکہ اب تک ایمسیٹ 2015 کیلئے 2,54,130 سے زائد طلباء نے درخواستیں پیش کیں۔ جن میں 1,68,760 طلباء و طالبات انجینرئنگ اور 82,898 سے زائد میڈیکل طلباء و طالبات شامل ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے مجوزہ تین زونس میں زون نمبر (1) میں زائداز 9185 زون نمبر (2) میں زائداز (1906) اور زون نمبر (3) میں زائداز (8607) طلباء ایمسیٹ میں شرکت کریں گے۔ کنوینر ایمسیٹ نے کہاکہ اس تعداد میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست آندھراپردیش کے اہم مقامات پر ایمسیٹ کے امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اور بالخصوص شہر حیدرآباد میں قائم کردہ ایمسیٹ امتحانی مراکز کی تفصیلات اے پی ایمسیٹ ویب سائیٹ کے ذریعہ حاصل کی جاسکتی ہیں اور بالخصوص شہر حیدرآباد میں بنائے گئے ایمسیٹ امتحانی مراکز پر ایمسیٹ میں شرکت کرنے والے تمام طلباء کی اکثریت آندھرائی ملازمین سرکار کی ہے کیونکہ یہ تمام طلباء حیدرآباد میں ہی انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات تحریر کئے۔