املاک و ملازمتوں پر بات چیت، کارپوریشن کا بورڈ اجلاس مقرر کرنے سے اتفاق
حیدرآباد۔20 مئی ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹرس کی بس بھون حیدرآباد میں خوشگوار انداز میں خیرسگالی ملاقات ہوئی بعد ازاں منیجنگ ڈائرکٹر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر این ای سریندر بابو اور نائب صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر رمنا راؤ کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ ٹی ایس آر ٹی سی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گذشتہ چند دن قبل بحیثیت منیجنگ ڈائرکٹر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے والے سینئر آئی پی ایس عہدیدار مسٹر سریندر بابو نے یوں تو منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر رمنا راؤ سے خیرسگالی ملاقات کی لیکن دونوں عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران دونوں کارپوریشنوں کے مابین پائے جانے والے املاک و ملازمتوں سے متعلق مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور بتایا جاتا ہیکہ ملازمین کے آپسی متفقہ طور پر تبادلوں کے عمل کو یقینی بنانے سے اتفاق کیا گیا جبکہ فی الوقت دونوں ریاستوں کے مابین (100) ملازمین کے پیچیدہ مسائل پائے جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں جونیئر اسسٹنٹس ‘ سینئر اسسٹنٹس ‘ سپروائیزرس جیسے زمروں کے کیڈر ملازمین کے تبادلے زیرالتواء مسائل میں شامل ہیں ۔ ان میں میاں بیوی کے تبادلے اور صحت کی بنیاد پر تبادلوں کے مسائل بھی شامل ہیں ۔ لہذا کسی ایکزیکٹیو ڈائرکٹرس کے حدود میں کتنے ملازمین پائے جاتے ہیں کن کو کہاں روانہ کیا جانا چاہیئے ‘ ان کا تفصیلی جائزہ لے کر فوری فیصلہ کرنے کا دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش کے آر ٹی سی نظم و نسق ‘ انجنیئرنگ آپریشنس ایکزیکٹیو ڈائرکٹرس کو دونوں منیجنگ ڈائرکٹرس نے ضروری ہدایات دیں اور بہت جلد ایک اور اجلاس طلب کر کے ملازمین کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کر کے مسائل کی یکسوئی کیلئے قطعی اقدامات کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ دونوں ریاستوں کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں کے مابین املاک وغیرہ کی تقسیم کے مسئلہ پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم اور ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد فی الوقت اہم ترین املاک جیسے بس بھون کی تقسیم کے علاوہ 19اہم املاک کی تقسیم کے مسائل پر دونوں کارپوریشنوں کے مابین تنازعہ جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ قانونی تقسیم ریاست کے مطابق جس ریاست میں املاک و جائیداد پائی جاتی ہیں اس ریاست کی ہی ہوتی ہیں ۔ ان جائیدادوں میں حصہ داری وغیرہ کا سوال پیدا نہیں ہوگا اور اس تعلق سے بالخصوص ریاست تلنگانہ قوانین کی روشنی میں اپنا ادعا پیش کررہی ہے ۔ لہذا اس مسئلہ پر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر رمنا راؤ اور آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن منیجنگ ڈائرکٹر مسٹراین وی سریندر بابو کوئی قطعی فیصلہ پر نہیں پہنچ سکے اور دونوں کارپوریشنوں کے متحدہ بورڈ اجلاس کا انعقاد عمل میںلاتے ہوئے مذکورہ تنازعات کی یکسوئی کرلینے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا ۔ اس موقع پر ٹی ایس آر ٹی سی کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔